ٹرمپ سنجیدہ قیادت میں ناکام، امریکہ کو تقسیم کر رہے ہیں: سابق وزیرِ دفاع

ویب ڈیسک :امریکہ کے سابق وزیرِ دفاع جِم میٹس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ملک کو سنجیدہ قیادت فراہم کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں اور امریکہ کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔پینٹاگون کے سابق چیف جِم میٹس نے بدھ کو جہاں ایک طرف امریکی صدر کو تنقید کا نشانہ بنایا وہیں انہوں نے نسل پرستی کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے حق میں بھی آواز اٹھائی۔امریکی جریدے ‘دی اٹلانٹک’ میں بدھ کو شائع ہونے والے ایک مضمون میں جم میٹس نے کہا کہ "ڈونلڈ ٹرمپ میری زندگی میں آنے والے وہ واحد امریکی صدر ہیں جو اپنے شہریوں کو متحد کرنے کی کوشش نہیں کر رہے اور وہ عوام کو دکھانے کے لیے بھی ایسا نہیں کر رہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سنجیدہ قیادت کے بغیر تین سال گزارنے کے نتائج اب دیکھ رہے ہیں۔جم میٹس کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے کے واقعات کا مشاہدہ کرنے کے بعد وہ ناراض اور حیرت زدہ ہیں۔ اُن کے بقول بعض شہروں میں مظاہرے پرتشدد رنگ اختیار کر گئے ہیں اور صدر ٹرمپ شہریوں پر فوجی کریک ڈاؤن کی دھمکی بھی دے رہے ہیں۔جم میٹس کا یہ مضمون ایسے موقع پر شائع ہوا ہے جب امریکہ میں سیاہ فام افریقی نژاد امریکی شہری جارج فلائیڈ کی موت کے خلاف گزشتہ کئی روز سے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔صدر ٹرمپ نے احتجاج کے دوران لوٹ مار اور توڑ پھوڑ کو دہشت گردی کی کارروائیاں قرار دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں