کورونا کی وبا ، بلوچستان کو پچھلے پانچ ماہ کے دوران 10 ارب روپے سے زائد کا نقصان

کوئٹہ: کورونا کی وبا نے بلوچستان کو پچھلے پانچ ماہ کے دوران 10 ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچا دیا مالی نقصان کی وجہ سے روان مالی سال کی کچھ ترقیاتی اسکیموں کو کٹ لگنے اور آئندہ مالی سال کا بجٹ خسارہ بڑھ جانے کا امکان ہے ۔محکمہ خزانہ بلوچستان کے ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کی وبا نے جہاں ملک کی معیشت کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے وہاں یہ وبا بلوچستان کو بھی دس ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچا چکی ہے۔ محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کورونا کے سلسلے میں 2 ارب روپے کے طبی سامان کی خریداری کرچکی ہے صوبائی حکومت کورونا کے باعث تقریباً 4ارب کے ٹیکسز کا ریلیف دیا ہے جبکہ کاروبار کی بندش کے باعث صوبائی حکومت کو تقریبا ً4 ارب سے زائد کے ٹیکسز کی وصولی نہیں ہوسکی ہے۔ محکمہ خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ کورونا وائرس کے باعث ہونے والے مالی نقصان کے باعث رواں مالی سال کی کچھ ترقیاتی اسکیموں متاثرہونے اور آئندہ مالی سال کا بجٹ خسارہ بڑھ جانے کا امکان ہے ۔محکمہ خزانہ کے ذرائع نے اس بات کا اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر کورونا پر قابو نہ پایا جاسکا تو صوبے کو شدید مالی بحران کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں