تربت میں فورسز کا آپریشن، فائرنگ کے تبادلے میں 3 مشتبہ افراد ہلاک، اسلحہ برآمد
کوئٹہ (انتخاب نیوز) تربت میں سیکورٹی فورسز کے خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریش میں مقابلے کے دوران تین مشتبہ افراد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے تربت ہوشاب روڈ پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ ان علاقوں میں دیسی ساختہ بم نصب کرنے کے علاوہ سیکیرٹی فورسز اور شہریوں پر فائرنگ کے واقعات سے منسلک مشتبہ افراد کے ٹھکانے موجود تھے۔ آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ علاقے کی مسلسل انٹیلی جنس نگرانی اور جاسوسی کے نتیجے میں مشتبہ افراد کے مقام کی نشاندہی کی گئی، فرار ہونے والے راستوں کو کاٹنے کے لیے ناکہ بندی کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران مشتبہ افراد نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کردی، بعد ازاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین مشتبہ افراد کو ہلاک کر دیا گیا، مشتبہ افراد سے دیسی ساختہ بم سمیت اسلحہ، گولہ بارود کا ذخیرہ برآمد کیا گیا ہے۔


