فرانس میں ریٹائر منٹ کی عمر64 سال کر دی گئی، متنازع بل عدالت سے بھی پاس ہوگیا
پیرس(مانیٹرنگ ڈیسک)فرانس میں ریٹائرمنٹ ایج بڑھانے کا صدرمیکراں کا متنازع بل عدالت سے بھی پاس ہوگیا۔ملک بھرمیں جاری مظاہروں میں تیزی آگئی ۔جلاؤ گھیراؤ،ہنگاموں کے دوران کئی افراد زخمی ہوئے،سیکڑوں کوگرفتارکرلیاگیا۔فرانس میں ریٹائرہونے کی عمر64 سال ہوگئی۔پنشن کی ادائیگی بھی دو سال کی تاخیر سے ہوگی۔صدر ایمانول میکراں کے پنشن ریفارمز بل کو آئینی کونسل نے گرین سگنل دیا تو عوام آگ بگولہ ہوگئے۔ مشتعل مظاہرین نے رین Rennes شہر میں پولیس اسٹیشن کو آگ لگادی۔آنسو گیس کی شیلنگ سے کئی مظاہرین کی حالت خراب ہے۔ پیرس سٹی ہال کے سامنے جمع مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک ریفارمز واپس نہیں لی جاتیں،ہڑتالیں اورمظاہرے ختم نہیں ہوں گے۔پولیس نے 112افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس اورمظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔دوسری جانب یونین لیڈرزکا کہنا ہے کہ دوسری جنگ عظیم کے خاتمے کے بعد پہلی بار یونینوں نے مشترکہ طورپرتمام ملازمین سے یکم مئی کو بڑے پیمانے پرمظاہرے کی اپیل کی ہے۔


