پاکستان میں معاشی ایمرجنسی نافذ ہے، آئی ایم ایف نے سخت شرائط منوائیں، سینیٹر عبدالقادر
کوئٹہ : چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پٹرولیم و رسورسز سینیٹر عبدالقادر نے کہا کہ ملکی معیشت کی تباہی کسی سے پوشیدہ نہیں ملک میں عملی طور پر معاشی ایمرجنسی کی صورتحال ہے سیاستدانوں کی اولین ترجیح معیشت کی بحالی ہونی چاہئے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے بیل آو¿ٹ پیکج کے معاہدے سے پہلے پاکستان سے انتہائی سخت شرائط منوائیں پاکستان جس معاشی ابتری کا شکار ہے اس کی جڑیں انتہائی گہری اور مظبوط ہیں ہمارے سیاستدان ان جڑوں کو کھوکھلا کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے اسی وجہ سے ابتری کی دلدل نے ملک کا سرمایہ چاٹ لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاستدانوں کو دنیا کے کامیاب معاشی نظاموں کا بغور مطالعہ ومشاہدہ کرنا چاہیے ہمارے حکمرانوں کو دنیا کی کامیاب معیشتوں کے عامل ذہن نشین کر لینے چاہئیں تاکہ وہ انکی پیروی کرتے ہوئے اپنے ملک کی معیشت کو مستحکم بنانے میں کامیاب ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے سامنے بڑے معاشی چیلنجز منہ کھولے کھڑے ہیں ہماری سیاسی قیادت کی انائیں بھی اسی قدر بڑی ہیں ہمارے سیاستدان ملک کی خاطر اپنی انہوں کو مارنا اپنی توہین سمجھتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہمارا وجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستحکم پاکستان ان کا دیرینہ خواب ہے، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان لانے کیلئے حکومتی سطح پر پیشکش کی جانی چاہیے سازگار ملکی حالات کے پیش نظر ہی غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان لایا جا سکتا ہے۔


