ملک معیشت کا شٹ ڈائون برداشت نہیں کر سکتے،شبلی فراز

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ ملک معیشت کا شٹ ڈائون برداشت نہیں کر سکتے، عوام ایس او پیز پر عمل نہ کر کے غیر ذمہ داری کا ثبوت نہ دیں اور بے احتیاطی سے اپنے خاندان کی زندگیوں کو خظرے میں نہ ڈالیں۔ سٹیل مل ملازمین کو فارغ کر کے نئی ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری سے کھوئی ہوئی عظمت دوبارہ بحال کریں گے۔ ماضی میں نوکریاں بیچ کر غیر ضروری بھرتیوں سے ادارے پر بوجھ ڈالا گیا۔ جمعرات کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ لوگ ایس او پیز پر عمل نہ کر کے اپنے خاندان کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ ملک معیشت کا شٹ ڈائون برداشت نہیں کر سکتا۔ کورونا وائرس سے کہیں کم اور کہیں زیادہ نقصان ہواہے۔ کوشش کر رہے ہیں کہ کورونا وائرس سے معیشت زیادہ متاثر نہ ہو لیکن عوام نے ایس او پیز پر عمل نہ کر کے غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے۔ نیب کارروائیوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ چیئرمین نیب کا انتخاب ہم نے نہیں کیا ، ماضی میں دونوں بڑی جماعتوں نے مل کر چیئرمین نیب لگایا۔ ملک میں سزا اور جزا کا نظام پیدا کرنا ہوگا۔ 72سال کی کرپشن کو 20مہینے میں ٹھیک نہیں کیا جاسکتا۔ وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ اگر اپوزیشن نیب ترمیمی بل میں ایسی شقیں شامل کروانا چاہتی ہے جس سے ان کو مقدمات میں کلین چٹ مل جائے تو ایسا نہیں ہو سکتا ۔ ہماری جماعت کی سینیٹ میں اکثریت نہیں ہے اس لئے ہم نیب ترمیمی آرڈیننس پاس نہیں کرواسکتے۔ اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے کے لئے تیار ہیں لیکن وہ اپنی قیادت کو بچانے کے لئے قانون سازی کروانا چاہتے ہیں۔ اس طرح کی کسی کارروائی کا حصہ نہیں بنیں گے۔ اپوزیشن کے ساتھ اصولی معاملات پر بات چیت ہو سکتی ہے ایسا قانون بنا سکتے ہیں جس میں کسی ایک پارٹی کو نوازنے کا تاثر نہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹیل ملز کے تمام ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دے کر فارغ کریں گے۔ نئی ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری سے اس کی ماضی کی شان بحال کریں گے۔(آصف /رومان اختر)

اپنا تبصرہ بھیجیں