وزیراعلیٰ بلوچستان کا بلٹ پروف گاڑیاں استعمال نہ کرنے کے احکامات عوامی خدمت کا مظہر ہیں، فرح عظیم شاہ
کوئٹہ (آن لائن) ترجمان حکومت بلوچستان محترمہ فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو عوامی مفادات کے حامل اقدامات اٹھانے میں پیش پیش رہتے ہیں۔ عوام دوستی کا پہلو ان کی شخصیت میں نمایاں دیکھا جا سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عوام کی حقیقی خدمت پر یقین رکھتے ہیں وی آئی پی موومنٹ میں بلٹ پروف گاڑی استعمال نا کرنے کے احکامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ عوام کو درپیش مسائل کو ہر ممکن کم کرنا چاہتے ہیں انہوں نے ہدایت دی ہے کہ آئندہ وزیر اعلیٰ بلوچستان سمیت کسی بھی وی آئی پی کیلئے روٹ نہیں لگے گا زندگی اور موت اللہ رب العزت کے ہاتھ میں ہے ہم روٹ لگا کر عوام کو بے جا پریشان کرتے ہیں جب زندگی کا وقت متعین ہے تو بلٹ پروف گاڑی کیا کرے گی۔ ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے اس احسن اقدام کو عوامی حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے اور کیوں نا سراہا جائے جو لیڈر اپنی عوام سے پیار کرتا ہے اور عوام کے مسائل حل کرنے کا خواں ہو تو عوام بھی اس سے پیار کرتی ہے. وزیر اعلیٰ نے کابینہ اراکین اعلیٰ سول و پولیس افسران کو بھی بلٹ پروف گاڑیوں کے استعمال کی ممانعت کی ہے۔ ترجمان نے مذید کہا کہ رمضان راشن پیکج کے بعد وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے جیلوں اور جوڈیشل لاک اپ میں قید تمام سزا یافتہ قیدیوں کو عید الفطر کے موقع پر دو ماہ کی خصوصی معافی دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس منظوری کے بعد قیدیوں کی سزا میں دو ماہ کی کمی کر دی جائے گی جس کہ وجہ سے کچھ قیدی تو رہائی پانے کے بھی مستحق ہو جائیں گے۔ یہ اقدام نا صرف قیدیوں کیلئے اہم ہے بلکہ ان کے چاہنے والوں کیلئے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہر دم کوشش کرتے رہتے ہیں اور عوام کے مسائل کا موثر حل ان کی ترجیحات میں شامل ہے. جس کی وجہ سے عوام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مقبولیت میں واضع اضافہ ہوا ہے۔


