الیکشن کمیشن، سٹیٹ بینک اور پارلیمنٹ سمیع اللہ سے کلیم اللہ کا کھیل کھیل رہے ہیں‘ چودھری پرویزالٰہی
لاہور:مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی سے سابق وفاقی وزرا چودھری وجاہت حسین، بریگیڈئر (ر) اعجاز شاہ، سابق صوبائی وزرا چودھری ظہیر الدین، باﺅ رضوان، چودھری لیاقت علی بھدر، سابق مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر زین بھٹی، بیرسٹر ارحم طارق بٹ، بیرسٹر عزیز، بیرسٹر حمزہ، سلمان خان اور فرخ ایڈووکیٹ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور پنجاب میں الیکشن کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ الیکشن کمیشن، سٹیٹ بینک اور پارلیمنٹ سمیع اللہ سے کلیم اللہ کا کھیل کھیل رہے ہیں، سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن کو مختص رقم ہر صورت دینا ہو گی، شہباز شریف توہین عدالت کے مرتکب ہو چکے اب فیصلے کا انتظار ہے، جمہوریت کے استحکام اور تحفظ کیلئے سب کو آئین اور قانون پر عمل کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مفت آٹا فراہمی ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سکینڈل ثابت ہو گا، نگران دور میں گندم، آٹا، چینی اور کھاد کی سمگلنگ بڑھ گئی ہے، غیر منتخب نمائندے عوامی فلاحی منصوبوں کے التوا کا باعث بن رہے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے چار سالہ دور میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا، عمران خان نے اندرون و بیرون ملک سبز پرچم کے تقدس میں اضافہ کیا، عمران خان نے عالمی سطح پر کشمیر سمیت مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا، ترقی کا سفر جہاں رکا تھا انشاءاللہ وہیں سے دوبارہ شروع کریں گے۔


