پاکستان کا دفاع انتہائی مضبوط ہاتھوں میں ہے، سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کا دفاع انتہائی مضبوط ہاتھوں میں ہے ۔دشمنوں کی ناکام چالیں پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔ ان خیالات کا اظہار سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اپنے ایک اخباری بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا ہے کہ دشمن عوام اور مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوششوں میں سرگرم ہے لیکن ہماری فوج نے ہمیشہ اِ ن ملک دشمن عناصر کی بیخ کنی کی ہے اور ہمیشہ ایسی مہم جوئی کا بھرپور انداز میں جواب دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اپنے غیر ملکی آقائوں کی ایماء پر اکثر پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈہ اور مہم جوئی کرتے رہتے ہیں جس کا مقصد صرف اور صرف پاکستان کو دنیا کے سامنے کمزور ثابت کرنا ہے لیکن انہیں ہر بار مایوسی اور شکست کا سامنا کرنا پڑاہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور اس کے حواریوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈہ اورمن گھڑت الزامات کا پاکستان نے ہمیشہ بھرپور جواب دیا ہے اور پاکستان کو کمزور یا نیچا دکھانے کی بھارتی کوششیں ناکام بنائی ہیں ۔ہماری فوج نے ہمیشہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ ملکی دفاع اور مفادات کا خیال رکھا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے بیش بہا قربانیوں سے فوج کی تاریخ بھری پڑی ہے ۔فوج اپنی جغرافیائی سرحدوں اور ملک کے خلاف جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ ہم دشمن کو باور کرادینا چاہتے ہیں کہ ہم اپنی سالمیت کے تحفظ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ عوام فوج کے ساتھ ہے اور ا س مقصد کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان امن کا داعی ہے اور دنیا بھر میں امن کی خواہش رکھتا ہے لیکن ہماری اس خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ الحمدللہ پاکستانی عوام اپنی فوج کے ساتھ مل کر قومی مفادات اور سرحدوں کی حفاظت کرنا خوب جانتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آزاد جموں و کشمیر میں حق خود ارادیت کی حمایت کرتا ہے اور یہ حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ فوج نے ہمیشہ خطے میں امن کے لئے کوششیں کی ہیں اور علاقائی امن واستحکام کی حامی ہے۔ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔پاکستان امن کا داعی ہے اور امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر بھارتی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں