پی ٹی آئی کارکنان پرامن تھے، املاک کو نقصان رانا ثنا کے جتھوں نے پہنچایا، منورہ منیر بلوچ
کوئٹہ : تحریک انصاف بلوچستان کی رہنما ءوسابق رکن قومی اسمبلی منورہ منیر بلوچ نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری پر ہمارے رہنماﺅں نے پرامن احتجاج کی کال دی تھی ،املاک کو نقصان پہنچانے والے رانا ثنا اللہ کے جھتے تھے ،جلاو گھیراو میں پی ٹی آئی کے کارکن شامل نہیں ہیں ۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں پی ٹی آئی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔منیر بلوچ نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں ،عمران خان پاکستان کی عوام کیلئے میدان میں نکلے ہیں امپورٹڈ سرکار نے پندرہ ماہ میں ملکی معیشت کو تباہ کردیا ہے۔ منورہ منیر بلوچ نے کہا کہ پارٹی سربراہ کی گرفتاری کے بعد ہمارے لیڈرز نے ہمیں پرامن احتجاج کی کال دی تھی املاک کو نقصان پہنچانے والے رانا ثنا اللہ کے جھتے تھے،جلاﺅ گھیراﺅ میں پی ٹی آئی کے کارکن شامل نہیں ہیں لیکن ہمارے ساڑے چار ہزار سے زائد کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی بلوچستان کے صوبائی وزرا مرکزی قیادت سے رابطے میں ہیں ، مرکزی قیادت جب کہے گی تو وہ استعفیٰ دے دیں گے ،ایک سوال کے جواب میں منورہ منیر بلوچ نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی کے حوالے سے جس بچے نے پریس کانفرنس کی اسکی کوئی حیثیت نہیں ہے ۔


