ٹانک میں پولیس پر حملہ، اہلکاروں سمیت 20 افراد زخمی، جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور ہلاک
ٹانک(مانیٹرنگ ڈیسک)ٹانک بازار میں پولیس وین پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ اور فائرنگ کی، جوابی فائرنگ میں ایک حملہ آور مارا گیا، واقعے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 18 افراد زخمی ہوئے۔خیبرپختونخوا کے علاقے ٹانک میں بنوں روڈ پر مین بازار میں دامان پلازہ کے قریب نامعلوم افراد نے پولیس وین پر دستی بم پھینکا اور فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 18 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک حملہ آور مارا گیا۔پولیس کے مطابق تمام زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے، پولیس کی بھاری نفری نے اسپتال کو سیکیورٹی حصار میں لے لیا ہے، اسپتال آنے والے افراد کی جامہ تلاشی لی جارہی ہے۔دوسری جانب پولیس اور فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر بھی موجود ہیں جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ شواہد اکھٹے کرنے میں مصروف ہیں، واقعے کے بعد ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔


