وڈھ میں یونیورسٹی کے قیام میں وائس چانسلر اور ان کا گروپ رکاوٹ ہے، طلبہ کی احتجاجی ریلی

وڈھ (انتخاب نیوز) لسبیلہ یونیورسٹی وڈھ کیمپس کو بلڈنگ کی فراہمی اور یونیورسٹی کا درجہ دیکر سردار عطاءاللہ مینگل کے نام سے منسوب کرنے سمیت کیمپس کے دیگر مسائل کے حل کے لئے طلباءاور سول سوسائٹی کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔ ریلی یونیورسٹی کراس سے ہوتی ہوئی وڈھ پریس کلب کے سامنے اپنے مطالبات کے منظوری کیلئے احتجاج کیا۔ احتجاج میں سول سوسائٹی ،تاجر برادری، یونیورسٹی کے لیکچرارز سمیت لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاءکا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وڈھ کیمپس کو سات سال ہونے والا ہے مگر اس کو ہرحوالے سے نظرانداز کیا گیا ہے۔ نصیرآباد یونیورسٹی کی قرارداد اورخاران کیمپس کے ساتھ وڈھ کیمپس کو بھی یونیورسٹی کا درجہ دینے کیلئے قرارداد منظور کی جائے، ان کا کہنا تھا کہ لسبیلہ یونیورسٹی وڈھ کیمپس کو نظرانداز کرنا تعلیم دشمنی ہے۔ طلبا نے وڈھ کیمپس کے حوالے سے گورنر سے ملاقات کی لیکن ان کو کی جانے والی یقین دہانیاں ادھوری رہ گئیں۔ ہمارے مطالبات پر جلد عملدرآمد کیا جائے اور وڈھ کو سردار عطااللہ خان مینگل کے نام سے ایک فل فلیج یونیورسٹی دی جائے۔ اور وڈھ کیمپس کے جتنے مسائل ہیں انہیں جلد حل کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ وڈھ کیمپس کے ملازمین کو مستقل کیا جائے جو چھ سال سے اپنی فرائض سرانجام دے رہے ہیں انہیں جلد مستقل کیاجائے۔ ان کا کہنا تھاکہ وائس چانسلر وڈھ کیمپس کے فنڈز اوتھل میں کیوں خرچ کررہے ہیں۔ اس سے یہ معلوم ہورہا ہے کہ وائس چانسلر اور ان کا گروپ وڈھ میں یونیورسٹی نہیں چاہتے ہیں۔ وائس چانسلر اگر چاہتا تو ڈیرہ مراد جمالی کے ساتھ وڈھ کیمپس بھی تیار ہوچکا ہوتا۔ مظاہرین نے اپنے مطالبات میں کہا کہ وڈھ کیمپس بلڈنگ سے محروم ہے جلد از جلد کیمپس کو بلڈنگ فراہم کر کے ف±ل فلیج یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے اور اس قومی ادارے کو بلوچ قومی راہشون سردار عطااللہ مینگل کے نام کر دیا جائے۔ طلبہ باالخصوص طالبات کےلیے جلد از جلد ہاسٹل کی تعمیر ممکن بنائی جائے۔ تنخواہوں میں اضافے، اسٹاف کی کمی سمیت تمام معاملات کا سخت سے سخت نوٹس لیا جائے اور ڈیوٹی متعلق 8 گھنٹے کا ٹائم فریم واضح کی جائے۔ لوئر اسٹاف کو مستقل کیا جائے۔ وائس چانسلر لوامز کا وڈھ کیمپس کے ساتھ متعصبانہ رویے کا سخت سے سخت نوٹس لیا جائے۔ ڈیرہ مراد جمالی کیمپس کی تعمیرات مکمل ہو چکی ہیں کہ وہ ان کا اپنا علاقہ ہے جب کہ وڈھ کیمپس ابھی تک بلڈنگ سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل وڈھ نے طلبا اور سول سوسائٹی کی ریلی کی مکمل حمایت کی اور ریلی میں شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں