کینیڈاکے جنگلات میں کئی ہفتے سے لگی آگ بارش سے بھی نہ بجھ سکی، دھواں امریکا تک بھی پہنچا

ٹورنٹو (مانیٹرنگ ڈیسک) کینیڈا کے جنگلات میں گزشتہ کئی ہفتوں سے لگنے والی آگ بارش سے بھی نہ بجھ سکی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق کینیڈا کے صوبے البرٹا کے جنگلات میں کئی ہفتوں قبل آگ بھڑک اٹھی تھی، آپے قابو ہونے کی وجہ سے 10 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوگئے تھے اور 9 لاکھ 45 ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ آگ کی لپیٹ میں آگیا تھا۔ البرٹا کی وائلڈ لائف ایجنسی سے منسلک کرسٹی ٹکر کے مطابق پیر کے روز آگ لگنے کی جگہ پر بارش برسی، تاہم مزید بارش کی بھی توقع ہے۔ ایجنسی کا کہنا ہے کہ بارش آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لینے والے فائر فائٹرز کیلئے مددگار ثابت ہوئی ہے، جس کی وجہ سے فائر فائٹرز کو آگ پر قابو پانے کا موقع ملا ہے۔ دوسری جانب البرٹا کی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کا کہنا ہے کہ ہونے والی بارش آگ کو ختم کرنے کیلئے ناکافی ہے۔ واضح رہے کہ البرٹا میں لگی آگ نے دوسرے صوبے برٹش کولمبیا کے جنگل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا جبکہ جنگلات کے آگ کا دھواں امریکا تک بھی پہنچا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں