کوئٹہ ائرپورٹ رن وے کی توسیع کے بعد غیر ملکی پروازوں کی آمدو رفت بھی شروع ہوجائے گی
کوئٹہ : ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی نے کوئٹہ انٹر نیشنل ایئر پورٹ کے رن وے کے توسیعی منصوبے پر کام کی تکمیل کے بعد امید ظاہر کی ہے کہ رن وےکو 777و دیگر وئنگ فلائٹس کی بحالی کےلئے فوری کھول دیا جائے گا مذکورہ منصوبے کی فوری تکمیل اور بحالی بلوچستان کے صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے بلکہ اس سلسلے میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران نے ہر فورم پر صدائے حق بھی بلند کی ہے بلکہ سول ایوی ایشن کی جانب سے اس بابت چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کو تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر رن وے کے توسیعی منصوبے پر کام کی وجہ سے کوئٹہ سے فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا تھا جس کی وجہ سے صوبے کی بزنس کمیونٹی کو بیرون اور اندرون ملک آمد و رفت میں مشکلات درپیش تھی اسی لئے ہم نے وفاقی وزارت ہوا بازی و دیگر کو اس بابت اپنے مشکلات اور تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے مذکورہ منصوبے پر جلد کام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا مطالبہ کیا تھا جس پر ہمیں یقین دلایا گیا تھا کہ منصوبہ پر جاری کام کو فوری طور پر پایہ تکمیل تک پہنچا کر رن وے کو فلائٹس آپریشن کے کےلئے بحال کیا جائے گا ہمیں خوشی ہے کہ رن وے کے توسیعی منصوبے پر کام مکمل ہوگیا ہے اور اب اسے فوری طور پر 777و دیگر بوئنگ طیاروں کے لئے کھولا جائے گاجس کے بعد سعودی عرب ،دبئی اور دیگر ممالک سے فلائٹس کی آمد و رفت شروع ہو جائے گی جس سے صوبے کی بزنس کمیونٹی کو جدید سفری سہولیات میسر آئیں گی ۔انہوں نے کہا کہ رن وے کے توسیعی منصوبے پر کام کی تکمیل ہمارا صوبے کی بزنس کمیونٹی سے کئے گئے ایک اور وعدے کی تکمیل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان صوبے کی صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لئے کوششیں جاری رکھیں گی اور اس سلسلے میں کوئی لمحہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔


