سپریم جوڈیشنل کونسل کا جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کیخلاف کارروائی کا آغاز
اسلام آباد(صباح نیوز)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطابندیال کی سربراہی میں قائم سپریم جوڈیشنل کونسل نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف شکایات پر کارروائی کا آغاز کر دیا۔چیف جسٹس آف پاکستان نے جسٹس سید مظاہرعلی اکبر نقوی کے خلاف شکایت تصدیق کے لئے سپریم جوڈیشل کونسل کے سینئر ممبر کو بھجوا دیں۔سپریم جوڈیشل کونسل کے سربراہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطابندیال ہیں جبکہ کمیشن کے ارکان میں سپریم کورٹ کے دوسینئر ترین ججز جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس سردار طارق مسعود اور ہائی کورٹس کے دوسینئر ترین ججز میں لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی اور سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس احمد علی محمد شیخ شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان بار کونسل اور دیگر کی جانب سے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر ریفرنسز کی تصدیق کے لئے چیف جسٹس عمر عطابندیال نے معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل کے ایک سینئر رکن کو بھجوایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ چیف جسٹس عمرعطابندیال کے پاس بطور چیئرمین سپریم جوڈیشل کونسل اجلاس بلانے کااختیار ہے۔


