پابندی کے باوجود سندھ کو گندم کی سمگلنگ جاری
کوئٹہ (آئی این پی )پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے سابق مرکزی چیئرمین بدرالدین کاکڑ اور سنیئر عہدیدار عبدالواحد لالا نے کہا ہے کہ حکومت اور انتظامیہ گندم کی بین الصوبائی پابندی کے حکم نامہ پر عمل درآمد کرانے میں مکمل طور پر ناکام ہے اسی لئے پابندی کے باوجود بلوچستان کے اضلاع نصیر آباد اور جعفر آباد سے سندھ کو گندم اسمگلنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے گزشتہ ہفتے گندم کی کم ہونے والی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگاہے۔حکومت ضلعی انتظامیہ گندم کی بیرون صوبہ اسمگلنگ کی روک تھام کےلئے اقدامات اٹھائے بصورت دیگر ہم احتجاج کی راہ اپنانے پر مجبور ہوں گے۔گزشتہ روز مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اور محکمہ خوراک کی جانب سے گندم کی بین الاضلاعی نقل و حمل پر سے پابندی ہٹانے اور بین الصوبائی پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ خوش آئند ہے بلکہ اس سے گزشتہ ہفتے کے دوران گندم کی قیمتوں میں واضح کمی بھی آئی مگر افسوس ناک امر یہ ہے کہ ایک بار پھر صوبہ سندھ کو بلوچستان کے ضلع نصیر آباد اور ضلع جعفر آباد سے گندم کی اسمگلنگ کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اسی لئے بلوچستان میں بھی اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت ایک بار پھر بڑھ چکی ہے بلکہ اس میں مزید اضافہ کا بھی خدشہ ہے۔