تجارت اور سیاحت کے فروغ کیلئے گوادر کو ٹیکس فری زون قرار دیا جائے، جی ڈی اے
گوادر :” ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات گوادر مجیب الرحمٰن قمبرانی نے کہا ہیکہ اسپشل اکنامک ڈسٹرکٹ گوادر سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹرپلان کے حدود پر مشتمل ہے۔ جس کے قیام سے یہاں ہرطرح کی ٹیکس چھوٹ ہوگی۔ انہوں نے کہا ہے کہ ادارہ ترقیات گوادر کی سفارش پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کی سمری پر گوادر کو سپیشل اکنامک ضلع کا درجہ دینے کی منظوری دیدی ہے اور مزید وفاقی حکومت سے گوادر کو ٹیکس فری قرار دینے کی سفارش کی گئی ہے جو کہ قوی امید ہے کہ آئندہ بجٹ میں شامل کرکے منظوری لی جائیگی۔ یہ بات انہوں نے ایک ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی وزیراعلیٰ بلوچستان کی منظوری کے بعد گوادر کو صوبائی تمام ٹیکسز سے فی الفور مستثنیٰ حاصل ہوگی۔ جبکہ وفاقی ٹیکسز سے مستثنیٰ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد نافذ العمل ہوگا۔ گوادر کو ٹیکس فری قرار دینے کے بعد گوادر معاشی اعتبار سے تیز ترین ترقی کے منازل طے کریگا اور صنعتی زون اور بندرگاہ پر سرگرمیوں میں تیزی آئیگی جس کے بعد مقامی نوجوانوں کیلئے روزگار اور کاروبار کے وسیع مواقع پیدا ہونگے اور گوادر میں کاروباری و معاشی ترقی ہوگی اسی طرح سیاحت اور خدمات کے دیگر شعبے بھی ترقی کے منازل طے کریں گے۔ اور ایس ای ڈی کے قیام کے بعد تجارت، سیاحت رئیل اسٹیٹ اور ہوٹلنگ کے شعبوں کو مسابقت کی بہترین سطح تک فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کو ایک خصوصی اقتصادی ضلع (SED) کے طور پر تجویز کا مقصد پیشہ ورانہ پالیسیوں کو متعارف کرانا ہے اور ایس ای ڈی سے غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سرمایہ کاروں کو دوستانہ ماحول اور پرکشش مراحات فراہم کیا جاسکے گا جبکہ سرمایہ کاروں کو ویزا پالیسی میں رعایت ملے گی۔ وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے اس اقدام سے گوادر میں سرمایہ کاروں کو سبسڈی فراہم کی جائے گی۔


