بجٹ اہداف، پاکستان، آئی ایم ایف مذاکرات کا ایک اور دور بے نتیجہ ختم

اسلام آباد: آئندہ مالی سال 2020-21 کے بجٹ اہداف کے حوالے سے پاکستان اور زعالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور بے نتیجہ ختم ہوگیا ہے اور حکومت نے آئی ایم ایف پر واضح کردیا ہے کہ 5ہزار 1سو ارب روپے سے زائد کا تجویز کردہ ٹیکس ہدف حاصل نہیں ہوسکے گا۔ وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق بجٹ اہداف سے متعلق یہ تیسرا بات چیت کا دور تھا جو نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکا کیونکہ حکومت کاموقف ہے کہ اگر آئی ایم ایف کے مطالبے پر بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیاگیا یا پھر ٹیکسوں کا ہدف زیادہ رکھا گیا تو اس سے حکومت کیلئے مشکلات بڑھیں گی البتہ آئی ایم ایف کو یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ غیر ضروری اخراجات میں واضح کمی لائی جارہی ہے دوسری طرف سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کو منجمند کرنے سے متعلق بھی وزارت خزانہ آئی ایم ایف کے موقف سے اتفاق نہیں کررہی۔ دسمبر میں قرض کی اگلی قسط کے حصول کے حوالے سے پاکستان کے آئی ایم ایف سے مذاکرات ہونگے اور آئی ایم ایف نے بجٹ مذاکرات کے دوران واضح کیا کہ اگر غیر ضروری اخراجات اور خریداریوں میں کمی نہ لائی گئی تو حکومت کیلئے مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بجٹ کے حوالے سے بات چیت کا سلسلہ رواں ہفتے بھی جاری رہے گا۔(صدیق ساجد)

اپنا تبصرہ بھیجیں