عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران کوئٹہ شہرمیں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی، کیسکو
کوئٹہ (آن لائن) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)نے عیدالفطرکی تعطیلات کے دوران باقاعدگی سے بجلی فراہمی کیلئے مختلف انتظامات کئے ہیں اور اس سلسلے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ شہرمیں عید الفطر کے ایام میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔اسی طرح کوئٹہ شہرسے باہر تما م سٹی اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز کوبھی عید کی تعطلیات کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مستثنی قراردے دیاگیاہے البتہ صوبہ میں موجودتمام رورل فیڈروں کوپرانے شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کی جائے گی۔عیدالفطرکی تعطیلات کے دوران پاور ڈسٹری بیوشن سینٹر (پی ڈی سی) میں کنٹرول روم قائم کردیاگیاہے جو تعطیلات کے دوران بجلی کی مسلسل فراہمی کومانیٹر کرے گااورکسی بھی جگہ بجلی منقطع ہونے یا فنی خرابی پیداہونے اوربجلی کی صورتحال سے متعلق بھی کیسکوچیف کوآگاہ کرتارہے گا۔عیدالفطر کے ایام میں کیسکوکے تمام آپریشن سرکلز، ڈویژن اور سب ڈویژن کی سطح پربھی کنٹرول روم قائم کردیاگیاہے جس میں سپرنٹنڈنگ انجینئرز،ایکسئنز اور ایس ڈی اوز آپریشنل عملہ کے ساتھ اپنے دفاترمیں موجود رہیں گے تاکہ کسی بھی علاقے میں پیداہونے والے تکنیکی فالٹ کی بروقت درستگی یا انفرادی شکایات کا ازالہ کم سے کم وقت میں کیاجاسکے۔ کنٹرول روم تمام فیڈروں سے بجلی کی بندش، مانیٹرنگ کے علاوہ کسی بھی علاقے میں منقطع بجلی کی دوبارہ بحالی کیلئے متعلقہ سب ڈویژن کو فوری کارروائی کرنے کاپابند بنائے گا۔ اس کے علاوہ آپریشن سرکل کی سطح پر بھی ایک فوکل پرسن نامزدکردیاگیاہے جو متعلقہ آپریشن سرکل کے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور مقامی نمائندوں کے ساتھ بھی رابطے میں رہے گا۔ اسی طرح گرڈسسٹم آپریشن (جی ایس او) کے افسران اورعملہ بھی عید الفطرکی تعطیلات کے دوران گرڈاسٹیشن میں اپنی موجودگی کویقینی بنائیں گے۔ عید الفطرکی تعطیلات کے دوران بجلی بندش اور کسی بھی شکایت کیلئے تمام صارفین118پربراہ راست کال کرکے اپنی شکایات درج کرواسکتے ہیں۔اسکے علاوہ 8118پر پیغام(SMS) کے زریعے بھی بجلی بل کاحوالہ نمبرکے ساتھ اپنی شکایات کااندراج کرسکتے ہیں۔جس پر فوری کارروائی عمل میں لا کر مختصروقت میں صارف کی شکایات کاازالہ کیاجائے گا۔دریں اثناہ عید کی تعطیلات کے دوران ڈیوٹی پر مامور تمام آپریشن سرکلزکے متعلقہ سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ایکسئنز اور سب ڈویژنز کے افسران اورسٹاف کے نام اور فون نمبرز کیسکوویب سائٹ www.qesco.com.pkپر بھی اپلوڈ کر دیا گیا ہے۔


