مفاد پرست عناصر پنجگور میگا سٹی کے نام پر ٹھیکے حاصل کرکے کروڑ پتی بن گئے، نیشنل پارٹی

پنجگور (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر سابق صوبائی وزیر رحمت صالح بلوچ مرکزی جوائنٹ سیکرٹری پھلیں بلوچ، ضلعی صدر حاجی صالح محمد بلوچ، مرکزی رہنماءعلاﺅالدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچ قومی شناخت اور بلوچستان کے وسائل پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریگی، نیشنل پارٹی جمہوری سیاسی عمل اور ریاست کے فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے بلوچستان کے حقوق کی آواز پر فورم میں بلند کریگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجگور کے سیاسی اور تاریخی قلعہ تسپ میں بی این پی مینگل کے سیکڑوں سیاسی کارکنوں کی نیشنل پارٹی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس دوران بی این پی مینگل پنجگور تسپ کے دیرینہ ساتھی سیاسی کارکن حاجی پیر جان بلوچ، حبیب اللہ، حاجی لیاقت، خلیل احمد، حنیف احمد نے اپنے تمام عزیز و اقارب کے ہمراہ نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ شمولیتی اجتماع میں ضلعی جنرل سیکرٹری، صدیق بلوچ، تحصیل صدر تاج نعیم بلوچ، جنرل سیکرٹری الطاف حسین، خازن نواز بلوچ، میر اسرار بلوچ، میر فاروق الٰہی بخش، واجہ میر سیم جان م±لازئی بھی موجود تھے۔ شمولیتی اجتماع سے نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر رحمت صالح بلوچ پھلیں بلوچ، حاجی صالح محمد، بلوچ علاﺅ الدین ایڈووکیٹ حاجی محمد ایوب دہواری، نوجوان اسرار اکرام نے کہا کہ ہماری سیاست بلوچستان کے حقوق کی پاسبانی اور بلوچ قومی شناخت کی دفاع ہے۔ نیشنل پارٹی جمہوری سیاسی عمل کے اندر رہتے ہوئے بلوچستان کی جنگ لڑی رہی ہے، نیشنل پارٹی چاہتی ہے کہ پارلیمنٹ مضبوط اور ملک کے تمام اداروں کو اپنے آئینی اختیار کے اندر رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں اور پارلیمنٹ کو بااختیار ہونا چاہیے، سیاسی ورکرز نیشنل پارٹی کے اثاثہ ہیں، نیشنل پارٹی نے سیاسی ورکروں کیلئے ہمیشہ ایک مضبوط چھتری کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بلوچستان کی تقدیر بدلنے اور لفاظی نعرہ لگا کر سیاست کے چمپئینوں نے چند مراعات کے خاطر بلوچستان کے وسائل کا سودا کرکے اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں جبکہ سچ اور لاچار عوام کا نعرہ لگانے والوں نے پنجگور کے عوام کو کسمپرسی کا شکار بنا کر میگا سٹی کے نام پر دولت اور جائیداد سمیٹنے میں مصروف ہے، دنیا کی سیاسی تاریخ کو دیکھا جائے تو عوامی نمائندوں نے ہمیشہ عوامی مفاد خیال رکھ کر عوام کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی ہے لیکن پنجگور میں عوامی نمائندگی کے نام پر عوام کا خون چوس کر عوامی فنڈز کا ٹھیکہ لیکر خود ٹھیکیدار اور خود احتساب کا ڈرامہ رچا کر عوام کی پیسوں کو ہڑپ کیا جارہا ہے۔ افسوس کہ صوبائی وزیر نے پنجگور میگا سٹی کے تمام ٹھیکے خود حاصل کرکے جعلی کاغذوں سے عوام کی زمینوں کو اپنے نام کرکے دکان بنا کر پھر اسکے نام کٹوتی کا پیسہ سرکار سے وصول کرکے کروڑ پتی بن گیا اور اس دھندے میں ڈپٹی کمشنر پنجگور کا رول نمایاں ظاہر ہورہا ہے، کیونکہ ڈپٹی کمشنر کا دفتر عوامی مسائل سے دور صرف صوبائی وزیر کے بینک بیلنس میں لگ کر دفتر کو کرپشن کے گڑھ میں تبدیل کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر نے پنجگور کے عوام کو سڑکوں کی تعمیر اور ڈبل روڈ کا لولی پوپ دیکر عوام کی کال نوچنے میں اپنا کردار ادا کررہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں