پرویز الہٰی کیخلاف غیر قانونی بھرتیوں کا کیس،عدالت کی اینٹی کرپشن کو جواب جمع کروانے کی آخری مہلت
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)اینٹی کرپشن کورٹ نے سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہٰی کیخلاف درج غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں اینٹی کرپشن کو مقدمہ کا ریکارڈ جمع کرانے کی آخری مہلت دے دی۔جمعہ کو اینٹی کرپشن کورٹ کے سپیشل جج علی رضا نے پرویز الہی اور شریک ملزم رائے ممتاز کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی، پرویز الہی کی جانب سے ایڈوکیٹ رانا انتظار عدالت پیش ہوئے۔مقدمہ کا ریکارڈایک بار پھر پیش نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا، پرویز الہی کے وکیل نے استدعا کی کہ مقدمہ کا ریکارڈ آج بھی پیش نہیں کیا گیا ، عدالت ڈی جی اینٹی کرپشن کے وارنٹ گرفتاری جاری کرے، جس پر پراسیکیوشن نے موقف اختیار کیا کہ عدالت کچھ وقت دے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن پیش ہو جاتے ہیں۔اینٹی کرپشن عدالت کے سپیشل جج علی رضا نے ریمارکس دیے کہ ریکارڈ پیش کریں ورنہ ڈی جی اینٹی کرپشن کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیتا ہوں۔بعد ازاں عدالت نے اینٹی کرپشن کو مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے آخری مہلت دیتے ہوئے سماعت آج (ہفتہ کے روز) تک ملتوی کردی۔واضح رہے پرویز الہی اور دیگر پر پنجاب اسمبلی میں ریکارڈ میں ردوبدل کرکے بھرتیوں کا الزام ہے، سابق وزیراعلی کے شریک ملزم رائے ممتاز حسین نے بھی درخواست ضمانت دائر کر رکھی ہے۔


