آصف زرداری پر فردِ جرم عائد نہ ہو سکی

اسلام آباد:اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس اور میگا منی لانڈرنگ کیسز کی سماعت کے دوران سابق صدر آصف علی زرداری اپنی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت پیش نہیں ہوئے جس کی وجہ سے ان پر آج فردِ جرم عائد نہ ہو سکی۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اعظم خان نے کیسز کی سماعت کی۔کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث جیل سے ملزمان کو عدالت نہیں لایا جا سکا، جبکہ آصف زرداری اور فرال تالپور کی عدالتی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پیش کی گئی۔جج اعظم خان نے ہدایت کی کہ کمرۂ عدالت میں سماجی فاصلے کا خیال رکھا جائے۔جس پر سابق صدر آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے کہا کہ کیا کریں کہ وکلاء کی تعداد زیادہ ہے۔اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ ریفرنس کی کاپیاں جمع کروا دی ہیں، عدالت ملزمان پر فردِ جرم عائد کرے، انور مجید کے ویڈیو بیان کے حوالے سےانتظامات مکمل کر لیے ہیں۔فاروق نائیک نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ کورونا وائرس بہت زیادہ پھیل چکا ہے، عمر رسیدہ لوگ کورونا سے زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کی عمریں بھی 60 سال سے زائد ہیں، ڈبلیو ایچ او نے بھی کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کیا جائے۔احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے کہا کہ جو ملزمان نہیں آ سکتے تو ان کا ویڈیو بیان ریکارڈ کر لیتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں