کابل ،طالبان کی شادی تقریبات میں موسیقی بجانے سے گریز کی ہدایت
کوہاٹکابل(این این آئی)افغان طالبان نے ایک بار پھر دارالحکومت کابل شہرمیں واقع شادی ہالوں میں شادی تقریبات میں موسیقی بجانے سے گریز کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوںکے خلاف کاروائی کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ گزشتہ روزافغان وزارت برائے امر بالمعروف و نہی عن المنکر اوروزارت انصاف کے مشترکہ جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں شادی کے اجتماعات میں موسیقی بجانے پر پابندی عائد ہے۔اس لئے شادی ہال اور ہوٹل انتظامیہ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ شادی کی تقریبات میں موسیقی بجانے اور ایسی سرگرمیوں سے گریز کریں جو اسلامی اقدار کے منافی اور متصادم ہوں۔طالبان حکام نے شادی ہال انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ افغان طالبان نے شادی ہال مالکان سے بارہا درخواست کی ہے کہ وہ شادی کی تقریبات میں موسیقی بجانے کی اجازت نہ دیں۔ واضح رہے کہ طالبان نے برسر اقتدار آنے کے بعد خواتین اور لڑکیوں کو تعلیم اور روزگار کے مواقع سے محروم کرنے کے علاوہ تفریحی پارکوں اور مرد ساتھی کے بغیر سفر کرنے پر پہلے ہی پابندی لگا دی ہے۔ مزید برآں اطلاعات کے مطابق طالبان نے سرکاری ملازمین کے لیے داڑھی رکھنااور ٹوپی پہننا بھی لازمی قرار دیا ہے۔


