پاکستان، بھارت اور چین میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 5 سے 6 اعشاریہ ریکارڈ
اسلام آباد، نئی دہلی،بیجنگ (صباح نیوز) پاکستان، بھارت اور چین میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اسلام آباد اور لاہور سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے محسوس کئے گئے ۔گلگت بلستان، آزادکشمیر، راولپنڈی، اٹک، گوجرانوالہ ،شیخوپورہ، مریدکے، فیروزوالہ، پھول نگر، کالاشاہ کاکو،جہلم، منڈی بہاﺅالدین ،حافظ آباد،سیالکوٹ ،شکرگڑھ ، ظفروال،چیچہ وطنی میں جھٹکے محسوس کئے گئے، خیبرپختونخوا کے علاقے ایبٹ آباد ، ہری پور، دیر، مالا کنڈ اور دیگر علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے،آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، راولاکوٹ ، باغ ،وادی نیلم میں بھی جھٹکے محسوس کئے گئے ۔جھٹکوں کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5 عشاریہ 6 ریکارڈ کی گئی زلزلے کا مرکز مقبوضہ کشمیر میں تھا۔زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز کشمیر کے مشرق میں تھا جب کہ اس کی زیر زمین گہرائی 10 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی ۔دوسری جانب بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی سمیت دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔چین کے مختلف علاقوں میں جھٹکے محسوس کئے گئے ۔


