ڈی آئی خان ،بھتے سے انکار پر ڈکیتوں کی فائرنگ،صراف قتل
ڈیرہ اسماعیل خان (صباح نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پروآ کے علاقہ ببرپکہ میں تیس لاکھ روپے بھتے کی وصولی کے دوران انکار پر دو مسلح موٹرسائیکل سوار ڈکیتوں نے فائرنگ کرکے علاقہ کے معروف صراف کو قتل کردیا، واقعہ کے دوران مقتول صراف کے رشتہ داروںنے دونوں ڈکیتوں کو اسلحہ سمیت پکڑ کرپولیس کے حوالے کردیا ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ پروآ کی حدودببرپکہ میں معروف صراف سے بھتہ کے تیس لاکھ روپے زبردستی لینے کے دوران لڑائی کے دوران دو موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے 46سالہ خلیل الرحمن صراف قتل ، مقتول کے بھائیوں و رشتہ داروں نے دونوں ملزمان سید آریز زیدی ولد اعجاز حسین شاہ سکنہ چاہ سید منور اور عمیر تھہیم ولد محمد نذیر سکنہ فقیر آباد حال ڈیوالہ کو موقع پر پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا،ملزمان سے آلہ قتل 2پستول 30بور ، 10کارتوس اور ایک موٹرسائیکل بھی برآمد ہوا، ذرائع کے مطابق ملزمان صراف سے اسلحہ کی نوک پر 30لاکھ روپے بھتہ مانگنے آئے انکار پر فائرنگ کرکے خلیل الرحمن صراف کو قتل کردیا۔ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں تھانہ سٹی اور تھانہ کینٹ کی متعدد ڈکیتی کی وارداتوں کا اعتراف کرلیا ،جن سے ابھی مزید تفتیش بھی کی جارہی ہے، اسی طرح پولیس ان ڈکیتوں کے اصل گروہ کی گرفتاری کیلئے سرگرداں ہے ۔


