غلط فہمیاں دور، مولانا فضل الرحمان نے حافظ حسین احمد کو پارٹی میں دوبارہ سرگرم کردار ادا کرنے کیلئے منا لیا
جیکب آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)جمعیت علما اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پارٹی کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد سے ساری غلط فہمیاں دور کرکے انہیں پارٹی میں دوبارہ سرگرم کردار ادا کرنے کیلئے منا لیا۔ جے یوآئی ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے چند روز قبل دورہ کوئٹہ کے دوران حافظ حسین احمدسے ملاقات کی اور ان سے ملکی سیاسی صورتحال ،پارٹی معاملات اور خاص طور پر دونوں رہنمائوں میں پائی جانے والی غلط فہمیوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی ۔ ملاقات میں مولانا فضل الرحمان نے حافظ حسین احمد سے کہا کہ آپ پارٹی کے سینئر رہنما ہیں ،موجودہ حالات میں آپ کا اہم کردار ہے، مولانا فضل الرحمان کی اس خواہش پر حافظ حسین احمد نے ایک بار پھر پارٹی میں متحرک ہونے پر آمادگی ظاہر کردی۔ جے یوآئی کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ روز پشاور میں مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں حافظ حسین احمد سے ہونے والی ملاقات کی تفصیل سے آگاہ کر کے اعتماد میں لیا۔ مرکزی شوریٰ نے بھی حافظ حسین احمد کے پارٹی میں دوبارہ متحرک ہونے اور انہیں اہم ذمہ داریاں دینے کی توثیق کردی۔


