اسرائیلی شدت پسندی کے شکار فلسطینیوں کو انصاف فراہم کیا جائے، حماس
غزہ (صباح نیوز)اسلامی تحریک مزاحمت (حماس)نے عالمی فوج داری عدالت سے اپیل کی ہے کہ اسرائیلی ریاستی دہشتگردی کے شکار فلسطینیوں کو انصاف فراہم کرے۔حماس کے قانونی شعبے کی طرف سے جاری ایک بیان میں بین الاقوامی فوجداری عدالت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ غاصب ریاست کی دہشت گردی کے متاثرین کو انصاف فراہم کرے، بین الاقوامی فوجداری عدالت کی طرف سے 2023-2025 کے لئے شروع کئے گئے نئے سٹریٹجک منصوبوں کے لئے فلسطین کے معاملے میں پیش رفت کی عکاسی کرے اور فلسطین میں ہونے والے اسرائیل کے جبر اور ریاستی جرائم کی تحقیقات کے نتائج جاری کرے۔ حماس نے کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف جاری اسرائیلی غاصبانہ دہشت گردی کے متاثرین کے لئے موثر قانونی علاج کے لئے موثر ذرائع فراہم کئے جائیں ۔حماس نے مطالبہ کیا کہ عالمی فوج داری عدالت کے پروگرامات فلسطینی عوام کے لئے بین الاقوامی انصاف کے حصول کے تقاضوں کے لئے زیادہ ذمہ دار ہوں۔فلسطینی عوام ایک صدی سے صیہونی قابض ریاست اور اس کے صیہونی ریاست کے وجود کے نتائج اور اس کے نہ رکنے والے جرائم کا شکار ہیں۔


