مشعال ملک کی انتونیو گوٹیرس سے یاسین ملک کو بھارتی عدالتی قتل سے بچانے کے لیے فوری مداخلت کی اپیل
اسلام آباد(صباح نیوز)پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کے چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس سے اپیل کی ہے کہ جے کے ایل ایف کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو بھارتی عدالتی قتل سے بچانے کے لیے فوری مداخلت کی جائے ۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کے نام خط میںیاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے لکھا ہے کہ بھارتی حکومت غیر منصفانہ عدالتی کارروائی سے محمد یاسین ملک کا عدالتی قتل چاہتی ہے ۔ یاسین کو پورے مقدمے کے دوران عدالتوں میں بغیر کسی معقول وجہ کے جسمانی پیشی سے انکار کیا گیا۔ یاسین ملک ویڈیو لنک پر استغاثہ کی ٹیم کے دلائل سننے سے قاصر ر ہے جس کے نتیجے میں وہ اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کا موثر جواب نہیں دے سکے ۔ ۔یاسین ملک کے معاملے میں بھارتی ، حکومت جنیوا کنونشن، شہری اور سیاسی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے اوربین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ انہیں غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس اس معاملے میں مداخلت کریں اور میرے شوہر کی جان بچائیں۔ میں ایک ماں ہوں اور ایک سیاسی قیدی کی بیوی ہوں۔ میرے شوہر کو 7مئی 2019 سے ہندوستان کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل کے ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے ۔


