پیٹرول کی قلت، مجھے کسی کے پریشر کی پروا نہیں،اداروں کو اپنا کام کرنا ہو گا، عمران خان

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے کسی کے پریشر کی پروا نہیں،اداروں کو اپنا کام کرنا ہو گا۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت پیٹرول کی قلت پر ہنگامی اجلاس منعقد ہو ا ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر عمر ایوب اور معاون خصوصی ندیم بابر کو طلب کیا گیا وزیر اعظم نے استفسار کیا کہ بتایا جائے ابتک کیا اقدامات کیے گے ہیں۔ وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ 1 کروڑ 75 لاکھ لیٹر اٹک ریفائنری کے پاس موجود ہے جو آگے سپلائی نہیں کیا جا رہا، آے آر ایل ریفائنری نارتھ ریجن کو تیل سپلائی کرتا ہے اور زیادہ وہاں ہی مسائل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ او ایم سیز کا کیماڑی اور پورٹ قاسم میں ہورڈنگ پر بھی وزیراعظم کو بریف کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے واضح کیا کہ مجھے کسی کے پریشر کی پروا نہیں،اداروں کو اپنا کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جو جو کمپنی ہورڈنگ میں ملوث ہے ان کیخلاف سخت کاروائی کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں