سکھر ملتان موٹر وے پرڈاکوؤں کی کار پر فائرنگ، 2 افراد جاں بحق، ایک شخص اغواء کر لیا

سکھر(صباح نیوز) سکھر ملتان موٹر وے پر ڈاکوؤں کی کار پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ ایک شخص کو اغواء کر لیا۔ سکھر ملتان موٹر وے پر گھوٹکی انٹرچینج کے قریب ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے 2 کار سوار افراد کو قتل کر دیا، لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے کار کو لوٹنے کی غرض سے روکنے کی کوشش کی اور نہ رکنے پر اس پر فائرنگ کر دی۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے کار سوار 2 افراد مہران مہر اور سعید لغاری جاں بحق ہو گئے جبکہ ڈاکو جلال الدین مہر نامی شخص کو اغوا کر کے ساتھ لے گئے۔ پولیس نے ڈاکوؤں کے جاگیرانی گینگ کے اس واردات میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کا تعاقب جاری ہے، انہیں جلد گرفتار کر کے مغوی کو بازیاب کر لیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں