وزیراعظم کو ترکیہ کے صدر کا ٹیلی فون ، کشتی حادثہ میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس
اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر ِ اعظم میاں محمد شہباز شریف کو ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے ٹیلی فون کیا ۔ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے و زیر ِ اعظم شہبازشریف سے یونان کے قریب بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعہ میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر اظہارِ افسوس کیا۔ ترکیہ کے صدر نے جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کے اہلِ خانہ کیلئے ترک حکومت اور عوام کی طرف سے ہمدردی کا پیغام پہنچایا۔وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، ترک صدر رجب طیب اردوان نے واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے مغفرت اور ان کے اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیر ِ اعظم شہبازشریف نے ترک صدر رجب طیب ایردوان کی تعزیت اور ہمدردی کے جذبات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی حکومت اور عوام ترکیہ کے صدر اور ترک عوام کے جذبات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔


