سینیٹ قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کا جیلوں میں سہولیات کے فقدان کا نوٹس

اسلام آباد (صباح نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے جیلوں میں قیدیوں کے لیے سہولیات کے فقدان کا نوٹس لیتے ہوئے جیلوں کے دورے کا فیصلہ کیا ہے ، پہلے مرحلے میں قائمہ کمیٹی کے ارکان آج جمعرات کو پنجاب کی مشہور زمانہ اڈیالہ جیل راولپنڈی کا دورہ کریں گے ۔ آئی جی جیل خانہ جات کو صوبہ بھر کی جیلوں میں قیدیوں کی تعداد ، دستیاب سہولیات اور مسائل کے بارے میں بریفنگ کی ہدایت کر دی گئی ۔ قائمہ کمیٹی کے ارکان چیئرمین سینیٹر ولید اقبال کی قیادت میں اڈیالہ جیل کا دورہ کریں گی اور متعلقہ حکام کو اس بارے میں انتظامات کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔ اڈیالہ جیل کے اس اہم دورے کے موقع پر سیاسی قیدیوں سے بھی ان کے حالات کے بارے میں پوچھا جائے گا جبکہ صوبائی حکام سے ممکنہ جیل اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ متعلقہ حکام کو قیدیوں کے بارے میں عالمی کنونشنز پر عملدرآمد کی رپورٹ بھی پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور اس ضمن میں وضع کئے گئے قوانین پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا ۔ بریفنگ کے دوران کمیٹی ارکان حراستی تشدد کی انسداد کے معاملات پر بھی غور کریں گے ۔ قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کی سربراہ کی جانب سے جیل اصلاحات کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ جیلوں کے حوالے سے کمیٹی کو شکایات بھی موصول ہوئی ہیں اور آئی جی جیل خانہ جات کو اس بارے میں آگاہ کیا جائے گا ۔حکومت کو جیلوں میں قیدیوں کو تمام مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کے لیے سفارشات سے آگاہ کیا جائے گا ۔ اگلے مرحل میں کمیٹی ارکان کی جانب سے دیگر جیلوں کے دورے بھی متوقع ہیں ۔ اڈیالہ جیل میں قیدیوں سے ان کے عزیز و اقارب اور دیگر ملاقاتوں کے لیے انتظام کا جائزہ بھی لیا جائے گا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں