ضلعی انتظامیہ اور کیسکو چیف خود کو وائسرائے سمجھ رہے ہیں، کوئٹہ کے شہریوں کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلائی جائے، نیشنل پارٹی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے صوبائی سوشل میڈیا سیکرٹری سعد دہوار نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ جب سے یہ سیاسی ٹھیکیدار مافیا حکومت میں آئی ہے ہر سال کی طرح بجٹ کے مہینہ جون میں انہوں نے عوام کو اذیت میں مبتلا کیا ہوا ہوتا ہے کبھی چند ماہ قبل ہی مکمل ہونے والے ترقیاتی اسکیموں کو اکھاڑ کر شہر کو کھنڈر بنا دیا جاتا ہے تو کبھی اپنی خود ساختہ ریکوری کے نام پر جون کے مہینے میں مصنوعی طریقے سے غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ اور فیڈرز میں مسلسل ٹرپنگ کے ذریعے عوام کو عذاب میں مبتلا کرتی ہے، عوامی شکایات کا ازالہ بھی نہیں کیا جاتا، جس سے ان کی نااہلی و نالائقی صاف ظاہر ہے۔ اب تو نوبت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ بجائے عوامی شکایات کو سننے اور ان کو حل کرنے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو بشمول انکے متعلقہ کیسکو انتظامیہ کوئٹہ خود کو ذہنی طور پر وائسرائے سمجھنے لگے ہیں، ہمیں یہ بالکل ادراک ہے کوئٹہ کے شہریوں کیخلاف یہ سراسر ایک منظم اور تکنیکی سازش ہے، تاہم اس عمل سے عوام میں مایوسی کی کیفیت اور شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ کوئٹہ شہر کو 6 مختلف فیڈرز میں تقسیم کرنے کے باوجود طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور مسلسل ٹرپنگ کی وجہ سے اس مبارک حج اکبری کے موقع پر شدید گرمی میں بچے بوڑھے اور بیمار متاثر ہورہے ہیں اور عام برقی اشیا بلب، موٹر، فریج اور پنکھے وغیرہ جل رہے ہیں اس نقصان کا ذمہ دار کیسکو چیف اور کوئٹہ کی نالائق انتظامیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیسکو چیف و متعلقہ کیسکو انتظامیہ کوئٹہ کوئی وائسرائے نہیں عوامی خدمتگار ہیں، لہٰذا اپنا رویہ عوام کے ساتھ درست کریں اور اس خود ساختہ ریکوری کے نام پر مصنوعی طریقے سے طویل لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ کا سلسلہ فوری طور پر بند کریں۔ اس سے قبل بھی کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کیسکو انتظامیہ کے خلاف عوام سڑکوں پر آئے ہیں، مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں نیشنل پارٹی بھی اس کیخلاف بھرپور احتجاج کا لائحہ عمل اپنائے گی۔ انہوں نے حکام بالا بالخصوص چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ سے اس خود ساختہ ریکوری کے نام پر طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور مسلسل ٹرپنگ کا نوٹس لینے کا بھی اپیل کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں