پشتونخوا میپ ہرنائی میں پے درپے تخریبی واقعات کیخلاف 3 جولائی سے احتجاجی تحریک شروع کرے گی
کوئٹہ (آن لائن) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی مانگہ، خوست، شاہرگ اور ہرنائی میں پے درپے ہونے والے تخریب کاری کے افسوسناک واقعات کے خلاف 3 جولائی بروز سوموار سے جنوبی پشتونخوا میں بھرپور احتجاجی تحریک شروع کریگی اس سلسلے میں پہلا مظاہرہ کوئٹہ میں 3 جولائی بروز سوموار شام 5 بجے ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار پارٹی کے صوبائی صدر ایم پی اے نصراللہ خان زیرے اور صوبائی سیکریٹری فقیر خوشحال کاسی نے اپنے بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے ہرنائی اور زیارت کے علاقے مانگی میں کوئلے سے بھرے ٹرکوں کو جلانے کے تخریبی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے علاقے میں موجود سیکورٹی اداروں کی مکمل ناکامی قرار دیا ہے۔ بیان میں اس بات پر حیرانگی کا اظہار کیا گیا ہے کہ فورسز کی چیک پوسٹوں کی موجودگی میں ایسے واقعات تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور اب تک کئی بےگناہ افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور ٹرکوں کو سخت نقصانات پہنچائے گئے ہیں تخریب کاری کے اس گھناونے جرائم میں ملوث کسی تخریب کار د کو نہ تو گرفتار کیا گیا ہے اور نہ ہی ان واقعات کے روک تھام کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں جسکی وجہ سے عوام میں یہ تاثر عام ہے کہ ان سب واقعات کے پیچھے شعوری منصوبہ بند سازش کار فرما ہے کیونکہ نام نہاد تخریب کاری کی آڑ میں ہرنائی کے تمام علاقے اور عوام پر خوف و ہراس اور وحشت مسلط کرکے درحقیقت پشتونخوا وطن کے معدنی وسائل مستقل قبضہ کرنا ہے۔ جبکہ تخریب کاری کی حالیہ واقعات نے اس عوامی تاثر پر تصدیق کی مہر ثبت کر دی ہے۔ تخریب کاری کے ان پے درپے واقعات کی وجہ سے عوام میں سخت خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جب سے ایف سی نے صوبے بالخصوص ہرنائی کے ضلعے میں امن و امان کی ذمہ داری سنبھالی ہے اور غیر قانونی بھتہ لینے کا سلسلہ شروع کیا ہے اس وقت سے تخریب کاری کے ناخوشگوار واقعات تسلسل سے ہو رہے ہیں۔ چیک پوسٹوں پر عوام کو بلا وجہ تنگ کیا جاتا ہے اور چادر و چاردیواری کی پامالی جاری ہے۔ علاقے میں ایف سی کی موجودگی کے باوجود عوام عذاب میں مبتلا ہے اور اب عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے کیونکہ تخریب کاری کے مسلسل المناک واقعات نے ضلع ہرنائی کے تمام عوام سے جینے کا چھین لیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پشتون افغان غیور عوام اپنے وطن کے معدنی وسائل پر قبضے کی جاری سازشوں اور نام نہاد تخریب کاری کے باعث جاری بدامنی، لاقانونیت کے خلاف اور اپنے سرومال اور عزت کے تحفظ کیلئے ملی جوش و جذبے کے ساتھ اٹھ کھڑے ہوں۔


