کوئٹہ میں عیدالاضحی کے ایام میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی

کوئٹہ(یو این اے ) الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)نے عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران بجلی کی باقاعدگی سے فراہمی کیلئے مختلف انتظامات کئے ہیں اور اس سلسلے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ شہرمیں عیدالاضحی کے ایام میں لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔اس سلسلے میں کیسکونے سنٹرل کمپلنٹ سیل زرغون روڈکوئٹہ 0819201445اور0812829753کومرکزی مانیٹرنگ وایمرجنسی کنٹرول سینٹر قراردیاگیاہے جو24گھنٹے کھلارہے گااوریہ سینٹر صوبائی حکومت کے ماتحت ایمرجنسی کنٹرول سینٹر15 سے بھی رابطے میں رہے گا۔کیسکوکنٹرول سینٹرمیں ایگزیکٹوانجینئر کی سربراہی میں تین شفٹ یعنی 24گھنٹے کنٹرول سینٹرمیں موجود رہیں گے۔ کنٹرول سینٹر عیدالاضحی کے دوران صارفین کی جانب سے کوئٹہ شہرمیں کسی بھی جگہ بجلی کے منقطع ہونے یا فنی خرابی پر کم سے کم وقت میں بجلی کی دوبارہ بحالی کیلئے متعلقہ سب ڈویژن کو فوری کارروائی کرنے کاپابند بنائے گا۔جس کے بعد متعلقہ ایس ڈی او اپنے لائن اسٹاف کے ساتھ بجلی کی سپلائی منقطع ہونے کی صورت میں فوری کارروائی کرکے بجلی بحال کریں گے نیز عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران سنٹرل کمپلینٹ سیل تمام فیڈروں پر بجلی بندش کی مانیٹرنگ اوربجلی فراہمی کی صورتحال سے بھی کیسکوکے اعلی حکام کوآگاہ کرتارہے گا۔ اسی طرح کوئٹہ سے باہر سب ڈویژنل افسران عید کی تعطیلات کے دوران اپنے ماتحت عملہ کے ہمراہ شام 5بجے سے رات11بجے تک اپنے دفترمیں موجودرہیں گے تاکہ صارفین کی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایاجاسکے۔علاوہ ازیں صارفین 118پر ڈائریکٹ کال کرکے یا اپنے موبائل سے 8118پربذریعہ میسج (SMS) بھی اپنی شکایات درج کرواسکتے ہیں۔ کوئٹہ شہرسے باہر تما م سٹی اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز کو عید کے روز صبح7بجے سے 12بجے تک کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی جس کے بعد ان علاقوں کو معمول کے مطابق بجلی فراہم کر دی جائے گی۔ البتہ صوبہ میں موجود تمام دیہی اور زرعی فیڈروں پر بے بحاشا لوڈہونے کی وجہ سے ان کوپرانے لوڈمینجمنٹ شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کی جائے گی۔بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب اورقلت کے باعث سسٹم پربوجھ بڑھ جاتاہے جس کی وجہ سے ٹرپنگ کامسئلہ بھی درپیش آسکتاہے لہذا تمام صارفین سے اپیل ہے کہ وہ عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران تمام غیر ضروری برقی آلات بند رکھیں اور صرف ضرورت کے مطابق بجلی استعمال کریں تاکہ تمام علاقوں کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایاجاسکے

اپنا تبصرہ بھیجیں