قرآن پاک بے حرمتی واقعہ کے خلاف سینیٹر مشتاق احمد خان نے سینیٹ میں قرارداد جمع کرادی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)جماعت اسلامی پاکستان کے سینئر رہنما سینیٹر مشتاق احمد خان نے28جون کو سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کے خلاف سینیٹ آف پاکستان میں قرارداد جمع کرادی۔قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت سویڈن کے سفیر کو طلب کر کے سینیٹ آف پاکستان اور پاکستانی عوام کے شدید جذبات سے آگاہ کرے اور سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے سلوان مومیکا کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کرے۔تمام بین الاقوامی اور علاقائی سیاسی اور سفارتی فورمز پر سویڈش حکومت کے خلاف گزشتہ چند سالوں میں اس طرح کی شرمناک حرکتوں پر قابو پانے میں ناکامی اور سویڈش پولیس، سویڈش عدالت اور حکومت کی طرف سے اس کی سرپرستی پر احتجاج رجسٹر کرایا جائے۔سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی بار بار کی جانے والی شرمناک، نفرت انگیز، شیطانی اور اشتعال انگیز کارروائیوں کے خاتمے تک سویڈش حکومت کے ساتھ سفارتی پالیسیوں پر نظر ثانی کی جائے۔


