ایف آئی اے کی کارروائی ، اسرائیل میں ملازمت کرنے والے 5 پاکستانی گرفتار

اسلام آباد(صباح نیوز) ایف آئی اے نے اسرائیل میں ملازمت کرنے والے 5پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا۔وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے)کرائم سرکل میرپور خاص نے اہم کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل میں ملازمت اختیار کرنے والے 5 پاکستانی ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ مجموعی طور پر 8 ملزمان کے خلاف 5 مقدمات درج کر لئے گئے۔ ملزمان تل ابیب میں بطور ہیلپر اور کار واشر ملازمت سرانجام دیتے رہے۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان 4 سے 7 سال تک تل ابیب میں مقیم رہے، جنہوں نے اسرائیلی ایجنٹ کے ذریعے انٹری حاصل کی۔ ملزمان نے اسرائیلی ایجنٹ کو فی کس 3 سے 4 لاکھ روپے ادا کئے۔ گرفتار ملزمان نعمان صدیقی، کامل انور، کامران صدیقی، محمد ذیشان اور محمد انور کا تعلق میرپور خاص سے ہے، جو شینگن ویزے پر جارڈن ایئرپورٹ سے اسرائیل داخل ہوتے تھے۔ملزمان ویسٹرن یونین کے ذریعے پاکستان رقوم منتقل کرتے رہے اور ترکی، کینیا و سری لنکا کے راستے سے بھی جارڈن ایئرپورٹ سے اسرائیل داخل ہوتے رہے۔ ملزمان وطن واپسی کے لیے دبئی کے راستے جارڈن ایئرپورٹ سے کراچی آتے تھے۔ ملزمان کے خلاف پاسپورٹ ایکٹ اور امیگریشن آرڈیننس کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے ،دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں