کراچی سے نجی اخبار کے سینئر رپورٹر سید محمد عسکری کو اغوا کرلیا گیا، پولیس کا واقعے سے لاعلمی کا اظہار

کراچی (انتخاب نیوز) روزنامہ جنگ کے سینئر رپورٹر سید محمد عسکری کو رات گئے تقریب سے واپسی پر قیوم آباد انٹرچینج کے قریب سے اغواءکرلیا گیا۔ نقاب پوش کورنگی روڈ قیوم آباد انٹرچینج کے قریب سے بغیر وجہ بتائے روز نامہ جنگ کے سینئر رپورٹر سید محمد عسکری کو اپنے ساتھ لے گئے۔ ذرائع کے مطابق قیوم آباد انٹر چینج کے قریب پولیس موبائل اور سفید رنگ کی گاڑی نے سید محمد عسکری کی گاڑی کو روکا، گاڑی میں سوار افراد سید محمد عسکری اور ان کے ساتھ موجود ان کے دوست کو اپنے ساتھ لے گئے، البتہ سید محمد عسکری کے دوست کو کچھ دور جاکر گاڑی سے اتار دیا۔ جب ان کے دوست نے مذکورہ واقعے کی اطلاع مددگار 15 کو دی تو فون ریسیو کرنے والے اہلکار نے کہا کہ اس سلسلے میں متعلقہ تھانے سے رجوع کریں۔ رات گئے ان کے بارے کچھ معلوم نہیں ہوسکا تھا کہ انہیں کون اور کس سلسلے میں لے گئے ہیں۔ اس حوالے سےزمان ٹاﺅن تھا نے کے ایس ایچ او رفیق کو اطلاع دید ی گئی ہے۔ پولیس واقعے سے لاعلمی کا اظہار کررہی ہے۔ اس حوالے سے ایس ایس پی کورنگی کا کہنا تھا کہ واقعے کی معلومات لی جارہی ہیں۔ اہل خانہ نے حکام سے مطالبہ کیا ہے فوری طور پر سید محمد عسکری کو بازیاب کرایا جائے۔ کراچی پریس کلب کے عہدیداروں، کراچی یونین آف جرنلٹس، ایجوکیشن جرنلسٹس ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر قاسم خان اور دیگر عہدیداروں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے سید محمد عسکری کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں