عدالت نے 3 مقدمات میں عمران خان ، شبلی فراز، فرخ حبیب سمیت دیگر کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے تین مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی ، شبلی فراز، فرخ حبیب اور حسان نیازی سمیت دیگر رہنمائوں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ تمام ملزمان کو 19 جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا گیا۔ اے ٹی سی کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے سماعت کی۔دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا ء کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی،وکیل نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونا ہے، لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے باعث چیئرمین پی ٹی آئی اسلام آباد نہیں آسکتے۔جج ابوالحسنات نے ریمارکس دیئے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت پیش ہونا پڑے گا۔ عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس پر حملے کے الزام میں اسلام آباد کے تھانہ رمنا کے 2 اور تھانہ گولڑہ میں درج ایک مقدمے میں وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی سمیت تمام ملزمان کو 19جولائی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرکے کیس کی سماعت 19 جولائی تک ملتوی کر دی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں