کوئٹہ، طویل عرصے سے تعطل کا شکار گرین بس17 جولائی سے سڑکوں پر دوڑے گی
کوئٹہ(یو این اے )کوئٹہ میں طویل عرصے سے تعطل کا شکار گرین بس17 جولائی سے شہر کی سڑکوں پر دوڑتی دکھائی دے گی۔گرین بس سریاب روڈ پر جامعہ بلوچستان سے ایئرپورٹ روڈ پر آئی ٹی یونیورسٹی تک چلے گی۔ وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے مطابق کوئٹہ کے شہریوں خاص طور پر طلبا کیلئے 17 جولائی سے گرین بس سروس کا آغاز کیا جائے گا، گرین بس کے آغاز سے متوسط طبقے کو سفر کی بہتر سہولت ملے گی۔میر عبدالقدوس بزنجو نے مزید کہا ہے کہ بزرگ، خواتین، بچے اور طلبا اس سہولت سے استفادہ کر سکیں گے، گرین بس منصوبہ طویل عرصہ سے تعطل کا شکار تھا، رب کائنات کے فضل سے منصوبہ فعال ہونے جا رہا ہے، گرین بس منصوبے کا افتتاح کوئی وی آئی پی نہیں بلکہ بس سے سفر کرنے والا کوئی بھی عام شہری کرے گا۔صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ کے ڈپٹی سیکرٹری منور حسین مگسی نے بتایا کہ شہر میں گرین بس سروس شروع کرنے کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں 8 بڑی اور چھوٹی بسوں پر مشتمل گرین بس سروس کا روٹ سریاب روڈ، جامعہ بلوچستان سے شروع ہوکر زرغون روڈ،انسکم روڈ،کوئلہ پھاٹک اور ائیرپورٹ تا ہوبیوٹمز یونیورسٹی پر اختتام پذیز ہوگا انہوں نے کہا پائلٹ منصوبے کے تحت گرین بسیں تمام تر سہولیات سے آراستہ ہیں اور ان کا مناسب کرایہ مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گرین بسوں میں خواتین اور معذور افراد کے لئے سہولیات موجود ہیں انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں بلوچستان یونیورسٹی سے بیوٹز یونیورسٹی تک بسیں چلائی جائے گی سریاب روڈ توسیع کا کام مکمل ہونے کے بعد بعد میاں غنڈی تک اس سروس کو توسیع دی جائے گی وزیراعلی بلوچستان کی ہدایت پر17جولائی سے باقاعدہ گرین بس سروس کا آغاز ہوجائے گا اس سروس کا افتتاح کسی بھی وی وی آئی پی سے نہیں بلکہ بس میں سفر کرنے والے عام مسافر سے کیا جائے گا۔


