سیکورٹی اور معیشت کا چولی دامن کا ساتھ ہے، پاکستان میں زرعی انقلاب آکر رہے گا، آرمی چیف
خانیوال (انتخاب نیوز) خانیوال ماڈل ایگریکلچرل فارم کی افتتاحی تقریب کے موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوج کو اپنی قوم کی خدمت کرنے پر فخر ہے، فوج عوام سے ہے اور عوام فوج سے۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کو موجودہ بحران سے نکال کر دم لیا جائے گا۔ پاکستانی غیرت مند ، غیور اور باصلاحیت قوم ہے۔ تمام پاکستانیوں نے بھکاری کا کشکول باہر ا±ٹھاکر پھینکنا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو تمام نعمتوں سے نوازا ہے۔ ہمیں دنیا کی کوئی طاقت ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی۔ پاکستان میں زرعی انقلاب آکر رہے گا ان شاءاللہ۔ ہم اس ماڈل فارم کی طرز کے جدید فارم بنائیں گے جس سے چھوٹے کسان کو فائدہ ہوگا اور گرین انیشیٹوو کا یہ دائرہ کار پورے پاکستان میں پھیلایا جائے گا۔ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے، عوام اور ریاست کا رشتہ محبت اور احترام کا ہے۔ سیکورٹی اور معیشت کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ سیکورٹی کے بغیر معیشت اور معیشت کے بغیر سیکورٹی ناگزیر ہے۔ آرمی چیف نے شرکاءکو مخاطب کرتے ہوئے علامہ اقبال کا شعر پڑھ کر ملک و ملت کے ہر فرد کی ملکی ترقی میں اہمیت پر زور دیا۔ آرمی چیف نے علامہ اقبال کا شعر پڑھا کہ افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر، ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ۔


