نائیجریا کے جمہوری صدر کی مکمل حمایت کرتے ہیں، فوری رہا کیا جائے، امریکی وزیر خارجہ
واشنگٹن (این این آئی) امریکی وزیر خارجہ بلینکن نے نائیجر کے صدر محمد بازوم کی فوری رہائی کا مطالبہ کردیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس سے قبل فوج نے صدارتی محل کو گھیرے میں لے کر اقتدار پر قبضہ کرنے کا اعلان کردیا تھا۔نیوزی لینڈ کے دورے پر آنے والے بلنکن نے کہاکہ میں نے صبح صدر بازوم سے بات کی اور انہیں واضح طور پر بتایا کہ امریکہ نائیجر کے جمہوری طور پر منتخب صدر کی حیثیت سے ان کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا ہم نائیجر کے صدر کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق بلینکن نے کہا کہ نائجر کو ان کے ملک کی طرف سے فراہم کی جانے والی امداد کا انحصارجمہوریت کے تحفظ” پر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کی نائیجر کے ساتھ مضبوط اقتصادی اور سیکورٹی شراکت داری جمہوریت کے تحفظ، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے احترام پر منحصر ہے۔بلینکن نے اس بات پر بھی زور دیا کہ واشنگٹن طاقت کے ذریعے اقتدار پر قبضہ کرنے اور آئینی حکم کو ختم کرنے کی اس کوشش کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے صدر بازوم کے لیے امریکہ کی غیر متزلزل حمایت اور نائیجر میں جمہوریت پر زور دیا۔


