کچے کے علاقے میں 52 ڈاکو ہلاک اور 70 مغوی بازیاب کراچکے ہیں، سندھ پولیس چیف کا دعوی
کراچی(یو این اے)وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن کے ہمراہ گھوٹکی کا دورہ کیا اور کچے کے علاقے بیلا میرپور کی چوکی نمبر 40 کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلی نے سیڑھی چڑھ کر پولیس چوکی سے علاقے کا معائنہ بھی کیا، جہاں ڈاکوں نے اندھیر نگری مچا رکھی ہے۔وزیر اعلی مراد علی شاہ کچے کی پولیس چوکی بھی گئے اور پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے گھوٹکی بچا بند کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے سندھ پولیس چیف کو بہترین منصوبہ بندی کے ساتھ پورا کچے کا علاقہ ڈاکوں سے پاک کرنے کی ہدایت بھی کی۔آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن نے کچے کے علاقے میں ڈاکوں کیخلاف آپریشن پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 54 ہزار ایکڑ کچے کا علاقہ ڈاکوں سے کلیئر کرایا جاچکا ہے۔ 52 ڈاکو ہلاک جب کہ 70 مغوی بازیاب کرائے گئے ہیں۔ ڈاکوں کے 85 سہولت کار گرفتار بھی کیے گئے ہیں۔آئی جی سندھ پولیس کے مطابق کچے میں 170 پولیس چیک پوسٹس قائم کی گئی ہیں، جہاں 1360 پولیس اہلکار اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ رانوتی کے کچے میں 100 چیک پوسٹس قائم کی گئی ہیں۔ وزیر اعلی سندھ نے تمام پولیس چیک پوسٹس کو پکا کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کچے میں تعینات پولیس اہلکاروں کو جدید اسلحہ فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کچے کی پولیس کے لیے وہ فوج سے جدید اور حساس نوعیت کے اسلحے کے حصول کی کوشش کریں گے۔


