عمران خان کی توشہ خانہ کیس کا ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی فوری طور پر توشہ خانہ کیس کا ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد کردی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو توشہ خانہ کیس میں فوری ریلیف نہ مل سکا ۔عدالت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان حکام کونوٹس جاری کرتے ہوئے چار اگست کو طلب کر لیا۔ جسٹس یحییٰ خان آفریدی کی سربراہی میں جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی اورجسٹس مس مسرت ہلالی پر مشتمل تین روکنی بینچ نے بدھ کے روز پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے اسلام آباد کی ماتحت عدالت میں جاری توشہ خانہ ٹرائل فوری طور پر رکوانے کی درخواست پر سماعت کی۔جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث احمد سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ ہم اس وقت ٹرائل کورٹ کی کارروائی میں مداخلت نہیں کر سکتے،اسلام آباد ہائی کورٹ کو فیصلہ کرنے دیں، اگر آپکو ریلیف نہیں ملتا تو سپریم کورٹ میں مقدمہ زیر سماعت ہے ۔عدالت کا عمران خان کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جمعرات کے روز اسلام آباد کورٹ میں سماعت ہے وہ دیکھ لیتے ہیں آپ پھر جمعہ کے روز آجائیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں