نئی مردم شماری کی منظوری مشترکہ مفادات کونسل نے دینی ہے،فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ نئی مردم شماری کی منظوری مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی)نے دینی ہے، وزیراعظم کے نئی مردم شماری کے تحت الیکشن کرانے کے بیان کے بعد الیکشن وقت پر ہونے کے حوالے سے شکوک و شبہات گہرے ہونے لگے ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے ایک بیان میں کہا کہ نئی مردم شماری کی منظوری مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی)نے دینی ہے، دو صوبوں کے نگران وزیراعلیٰ منتخب نمائندے نہیں ہیں، سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ وزرا اعلی صوبوں کی نمائندگی کرسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی سندھ نے بھی نئی مردم شماری پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا، پیپلزپارٹی کے تحفظات ابھی ختم نہیں ہوئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ حکومت کو آرٹیکل اکیاون تین میں ترمیم کرنا پڑے گی، کیا آئین میں تبدیلی کے لیے ان کے پاس دو تہائی اکثریت ہے؟۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا موقف ہے کہ الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں، سمجھ نہیں آرہا کہ سیاسی جماعتیں کیوں الیکشن سے بھاگ رہی ہے، 6 یا 9 ماہ بھاگنے کے بعد آپ کے پاس کیا کوئی نئی چیز آجائے گی، حکومت کو چاہئے کہ الیکشن میں جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں