توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان حقائق چھپانے کے باعث نااہل ہوئے تھے، شیری رحمان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ توشہ خانہ ریفرنس میں چیئرمین پی ٹی آئی گزشتہ سال کرپٹ پریکٹسز کے مرتکب ہونے اور حقائق چھپانے کے باعث نااہل ہوئے تھے۔ توشہ خانہ کے حقائق منظر عام پر آنے کے بعد سے اب تک انہوں نے ایک بار نہیں کئی بار یو ٹرن لئے ہیں۔ ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے بدھ کے روزٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔شیری رحما ن کا کہنا تھا کہ آغاز میں انہوں نے الیکشن کمیشن کے اختیارات کو ہی چیلنج کر دیا تھا۔ پہلے کہتے رہے میں نے توشہ خانہ کے تحائف نہیں بیچے اب کہہ رہے کہ میں نے اپنے ملٹری سیکرٹری کے ذریعے تحائف بیچے تھے۔ دوسروں کو چور ڈاکو کہنے والے عمران خان اب اربوں روپے کے تحائف چوری کے دلائل پیش کررہے۔ اپنی صفائی پیش کرنے کہ بجائے حکومت پر نااہل کرانے کا الزام لگا رہے ہیں۔ یہ اپنی انتہاپسند سیاست کے نتیجے میں پہلے ہی نااہل ہو چکے ہیں ہمیں ان کو نااہل کرانے میں کوئی دلچسپی نہیں۔ تاہم چیئرمین پی ٹی آئی بھی اسی طرح اپنی تلاشی دیں جس طرح انہوں نے چار سال اپنے مخالفین کی تلاشی لی تھی۔


