نوابزادہ ہارون رئیسانی کے قتل کا مقدمہ نامعلوم افراد کیخلاف درج

کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ میں گزشتہ رات سریاب روڈ پر فائرنگ کے واقعے میں ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ سیفٹی آفیسر نوابزادہ ہارون رئیسانی کے قتل کا مقدمہ سریاب روڈ پولیس تھانے میں محکمہ فوڈ کے ملازم کی مدعیت میں نامعلوم افراد کیخلاف درج کرلیا گیا۔ مقدمے میں کارسرکار میں مداخلت سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے فوڈ سیفٹی آفیسر رضوان اللہ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمہ نامعلوم افراد کیخلاف درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق فوڈ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ہارون رئیسانی اپنے عملے کے ساتھ چیکنگ کررہے تھے، مشروب کی ایک دکان کے مالک کو جرمانہ کرنے پر چند نامعلوم افراد نے تلخ کلامی کی اور بعد ازاں نامعلوم افراد نے فائرنگ شروع کردی۔ فائرنگ سے ہارون رئیسانی، براہمداد لہڑی اور لیویز اہلکار لعل محمد جاں بحق ہوئے۔ مقدمے میں قتل، اقدام قتل، کارسرکار میں مداخلت کی دفعات شامل کی گئیں۔ اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے ادارے مزید تفتیش کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں