اپنے طور پر چاند کا اعلان کرنیوالوں کو سخت سزا ہوگی، وفاقی وزیر مذہبی امور
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اب چاند کی رویت کے سرکاری اعلان کے بغیر عید کرنا مہنگی پڑے گی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور طلحہ محمود نے کہا ہے ایسی قانون سازی کر رہے ہیں کہ اپنے طور پر چاند کا اعلان کرنے والوں کو سخت سزا ہوسکے، کوشش ہے کہ آئندہ سال سے حج کے دو طرح کے پیکیج ہوں۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں وزیر مذہبی امور طلحہ محمود نے بتایا کہ اگلے سال ایک لاکھ 89 ہزار پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے، معاہدے کے تحت سہولتیں نہ دینے والے ٹور آپریٹرز کو بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔طلحہ محمود کا کہنا ہے کہ کوشش ہے کہ آئندہ سال سے دو طرح کا حج پیکیج ہو، پہلا 40 دن کا پیکیج اور دوسرا 105 دن کا حج پیکیج ہونا چاہئے۔وزیر مذہبی امور کا کہنا ہے کہ چاند دیکھنے سے متعلق شہادتوں میں ابہام نہیں ہونا چاہئے، اب خود سے چاند کے اعلان پر جرمانہ بھی ہوگا اور سزا بھی، نئی قانون سازی میں خلاف ورزی کرنے والوں کیلئے سخت سزا ہے، چاند دیکھ کر اعلان کے معاملے پر قومی یکجہتی ہی ترجیح ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیتا ہے، سعودی قیادت کی پاکستان سے جذباتی وابستگی بھی ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کی سطح پر بھی مضبوط روابط ہیں۔


