پنجرہ پل کے متبادل راستے کی تعمیر پر 650 ملین روپے خرچ ہونےکی خبر بے بنیاد ہے، این ایچ اے
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ترجمان نے میڈیا پرجاری ایک بے بنیاد اور من گھڑت خبر کے بارے میں وضاحت کی ہے کہ قومی شاہراہN-65 پر پنجرہ پل کی جگہ عارضی متبادل راستے کی تعمیر پر 650 ملین روپے کسی صورت خرچ نہیں کئے گئے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ یہ بہتان بے بنیاد اور غیر مصدقہ ہے، جس سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی ہے کہ مون سون 2022 ء کے دوران بلوچستان میں گزشتہ تیس سالوں کی نسبت 450 فیصدزیادہ بارشیں ہوئیں، اس دوران شدید سیلاب آئے اور شمال مشرقی بلوچستان میں بالخصوص حب، اتھل۔ بیلہ سیکشن (N-25)، خضدار۔ شہدادپور سیکشن(M-8) اور کوئٹہ۔ سبی۔ڈیرہ الہ یار سیکشن(N-65) پر پنجرہ پل، حب پل، لنڈ اپل،منڈوپل سمیت کانٹا پل، باگڑ نالا پل، ساردی پل اور بلیلی پل گر گئے جبکہ(N-25) پر بہت سے کلورٹس شدید متاثر ہوئے۔رسائی رابطہ سٹرکوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، تاہم نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے اپنے دستیاب وسائل کو انتہائی موثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے متاثرہ مقامات پر ٹریفک فوری اور ہمہ وقت بحال رکھی۔ترجمان نے مزید کہا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے اگست 2022 ء سے لے کر اب تک صرف 27.33 ملین روپے ایمرجنسی کے کاموں پر خرچ کئے ہیں، جن میں (N-65) پر پنجرہ پل کا متبادل راستہ بھی شامل ہے۔ مزید براں پنجرہ پل کی دوبارہ تعمیر کیلئے پروکیورمنٹ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور پری کوالیفیکیشن دستاویزات 23مئی 2023 کو وصول ہوچکی ہیں۔اس پل کاتعمیری عمل امسال اکتوبر میں شروع کردیا جائے گا۔ ترجمان نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے چینلز کو کوئی بھی خبر نشر کرنے سے قبل متعلقہ ادارہ سے تمام تر صورتحال جان لینا اور تصدیق کر لینا ناگزیر ہے تا کہ من گھڑت اور بے بنیاد خبروں اور افواہوں سے قومی اداروں کا وقار مجروح نہ ہو۔


