بلوچستان میں خواتین کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، مناسب نمائندگی دی جائے، شانیہ خان
کوئٹہ(آن لائن)وزیر اعلیٰ بلوچستان کی سابق کوآڈینیٹر شانیہ خان نے کہا ہے کہ کسی بھی شعبے کی بہتری اور فعالیت کے لئے خواتین کی نمائندگی بڑی اہمیت کی حامل ہے خواتین کی شمولیت کے بغیر کسی بھی شعبے اور معاشرے کی تشکیل کو نا ممکن نہیں بنایا جاسکتا خواتین کو اپنے اختیارات اور حقوق کا علم ہونا چاہئے تاکہ وہ اس کے لئے اقدامات اٹھا سکیں اس لئے خواتین میں شعور اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وومن سمارٹ پولیس اسٹیشن سول لائن کوئٹہ میں عورت فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام خواتین کو با اختیار بنانے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس موقع پر دیگر خواتین اور خواتین پولیس آفیسر اور اہلکار بھی موجود تھیں شانیہ خان کا کہنا تھاکہ بلوچستان جیسے قبائلی صوبے اور معاشرے میں خواتین کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے کسی بھی معاشرے کی بہتری اور تشکیل کے لئے خواتین کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام شعبوں اور محکموں میں خواتین کی مناسب نمائندگی ہونی چاہئے جس طرح ایوان میں خواتین کی نمائندگی کے بغیر قانونی اور دیگر شعبوں میں ان کی شمولیت اور نمائندگی کے بغیر معاملات کو آگے نہیں بڑھایا جاسکتا انہوں نے کہا کہ ہمیں خواتین میں شعور اجاگر کرنا ہے کہ وہ جن شعبوں یا اداروں میں فرائض سر انجام دے رہی ہے انہیں اپنے حقوق اختیارات اور قانون کا مکمل علم ہونا چاہئے کیونکہ پر امن معاشرے کے قیام کے لئے ہم سب نے اپنا کردار ادا کرنا ہے اور اسی لئے آج کا یہ پروگرام ترتیب دیا گیا ہے اور اس کو آگے بڑھاتے ہوئے لوگوں کے مسائل کو حل کرنا ہے اور خواتین کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھاتے ہوئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے سنجیدگی کے ساتھ اقدامات اٹھانے ہوں گے۔


